مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال، خصوصا غزہ میں جاری بحران اور صہیونی منصوبہ گریٹر اسرائیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں جاری انسانی المیے اور صہیونی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جاری نسلکشی، غزہ شہر پر قبضے اور مقامی آبادی کی جبری بے دخلی کے منصوبے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
فریقین نے زور دیا کہ فوری طور پر جنگبندی عمل میں لائی جائے اور انسانی امداد کی بلا تعطل رسائی یقینی بنائی جائے۔
گفتگو کے دوران وزیر خارجہ ایران سید عباس عراقچی نے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس نہایت اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس امت مسلمہ کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی عملی مدد اور صہیونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کرے، بالخصوص گریٹر اسرائیل کے خطرناک منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے کوششیں تیز کریں جس کا مقصد اسلامی و عربی سرزمینوں پر قبضہ جمانا ہے۔
مصری وزیر خارجہ نے اس موقع پر اپنے قاہرہ اور قطر کی جانب سے غزہ میں جنگبندی کے لیے جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
آپ کا تبصرہ